’یہ وہی پیسہ ہے جو شہباز شریف کے خاندان نےمنی لانڈرنگ کرکے باہر بھیجا‘

Rate this post

سلیمان شہباز اور علی عمران اسی کیس میں مفرور ہیں، شہزاد اکبر — فوٹو: فائل 

وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر کا کہنا ہے کہ برطانوی اخبار ڈیلی میل کی رپورٹ میں جس پیسے کا ذکر ہے یہ وہی پیسہ ہے جو شہباز شریف کے خاندان نے منی لانڈرنگ کرکے باہر بھیجا۔
جیو نیوز سے گفتگو میں شہزاد اکبر کا برطانوی اخبار کی رپورٹ کے ردعمل میں کہنا تھا کہ شریف خاندان کے خلاف زلزلہ اور سیلاب زدگان کے فنڈز میں غبن کا کیس پہلے ہی نیب میں زیر تفتیش ہے۔
انہوں نے کہا کہ برطانوی اخبار کی رپورٹ میں جس اکرم کا ذکر ہے، وہ نیب سے پلی بارگین کرچکا ہے اور اکرم نے اقبالی بیان میں فنڈز کی رقم شہباز شریف کے داماد کو دینے کا اعتراف کیا ہے۔

شریف خاندان نے زلزلہ متاثرین کیلئے برطانوی امداد میں چوری کی: ڈیلی میل کا دعویٰ
شہباز دور میں برطانوی امدادی ادارے نے لگ بھگ 50 کروڑ پاؤنڈ پنجاب کو دیئے: برطانوی اخبار ڈیلی میل کی رپورٹ

ان کا کہنا ہے کہ سلیمان شہباز اور علی عمران اسی کیس میں مفرور ہیں، یہ کیس بیرونی قرضوں اور امداد کے کمیشن کو بھی بھیجا جائے گا۔
شہزاد اکبر کے مطابق برطانوی اخبار نے شہبازشریف کی منی لانڈرنگ کا سنگین انکشاف کیا ہے، اس کے بعد (ن) لیگ کا ردعمل ہر لحاظ سے پاناما لیکس کے ردعمل جیسا ہے، پاناما لیکس کی تحقیقات ہوئیں تو قوم نے سچ کو جھوٹ سے یکسر الگ ہوتے دیکھا۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کی اولاد میں سے جسے شوق ہے عدالت سے رجوع کرلے، سچ سامنے آجائے گا، میرا چیلنج ہے کہ یہ بالکل ایسا نہیں کریں گے۔
 ایک خاندان نے پاکستان کو بدنام کرنے کا بیڑا اٹھا رکھا ہے: فردوس عاشق اعوان
— فوٹو: پی آئی ڈی
وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا ڈیلی میل کی رپورٹ کے ردعمل میں کہنا تھا کہ ایک خاندان نے پاکستان کو بدنام کرنے کا بیڑا اٹھا رکھا ہے، اس خاندان نے پاکستان کی توقیر کو بھی تار تار کیا۔

برطانیہ نے شریف خاندان سے متعلق ڈیلی میل کی خبر کی تردید کر دی
2005 کے زلزلے کے بعد حکومت پنجاب کو اسکولوں کی تعمیر کے لیے امداد دی جو تعمیر ہوئے اور جن کا آڈٹ بھی کیا گیا: ترجمان ڈی ایف آئی ڈی

انہوں نے کہا کہ شریف خاندان کی کارستانیاں اسٹوری میں سامنے آگئی ہیں، یہ مافیا پہلےکرپشن سے پیسے بناتا ہے، پھر بلیک ملینگ کرکے اداروں کو بدنام کرتا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ خادم اعلیٰ شہباز شریف انگلی ہلا ہلا کر خود کو کرپشن سے پاک بیان کرتے تھے، ووٹ کو عزت دینے والوں نے نوٹ کو عزت دو پر کام کیا اور جو امداد اررا کو دی گئی وہ یہ خاندان خوردبرد کرگیا۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ برطانوی حکومت کا اس حکومت اور سیاست سے کوئی لینا دینا نہیں، برطانوی اخبارات میں ایک ایک لفظ کی چھان بین کے بعد اسٹوری شائع کی جاتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دو سیاسی اداکار سیاسی تھیٹر لگاتے ہیں جن کی بات گھر والے بھی نہیں مانتے، جھوٹ زیادہ دیر نہیں چل سکتا ہے، قوم انہیں جان چکی ہے۔
معاون خصوصی کا مریم نواز پر تنقید کرتے ہوئے کہنا ہے کہ مشعل اوباما نے راج کماری کو لاکھوں ڈالر دیے، اس کی بھی تحقیقات ہونی چاہیے۔
یاد رہے کہ برطانوی اخبار ڈیلی میل نے ایک رپورٹ شائع کی ہے جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے خاندان نے زلزلہ متاثرین ملنے والی برطانوی امداد میں چوری کی۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کو دی گئی امداد میں شہباز دور میں برطانوی امدادی ادارے نے لگ بھگ 50 کروڑ پاؤنڈ پنجاب کو دیئے۔
تاہم برطانوی حکومت نے اس رپورٹ کی تردید کرتے ہوئے وضاحتی بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ  ڈیلی میل نے اپنی اسٹوری کو سچ ثابت کرنے کے لیے کم ثبوت پیش کیے۔
برطانیہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 2005 کے زلزلے کے بعد برطانیہ کی جانب سے حکومت پنجاب کے ارتھ کوئک ریلیف اینڈ ری کنسٹرکشن اتھارٹی (اررا) کو اسکولوں کی تعمیر کے لیے امداد دی گئی جو تعمیر ہوئے اور ان کا آڈٹ بھی کیا گیا۔

تبصرے
Loading...

اس ویب سائٹ پر آپ کے تجربے کو بہتر اور سہل بنانے کے لیے کوکیز استعمال کی جاتی ہیں۔ اگر آپ کوکیز کے استعمال سے مطمئن ہیں تو قبول ہے کہ بٹن پر کلک کیجئے قبول ہے